نئی دہلی،19؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) ملک کی کئی ریاستوں میں مارچ کے مہینے میں ہی گرمی شدت اختیار کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ دہلی اور قومی راجدھانی خطہ سمیت ملک کے کئی حصوں میں سردی ختم ہوتے ہی زبردست گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔ دہلی کے علاوہ مدھیہ پردیش کے گوالیار، بھوپال، گجرات کے سورت اور تلنگانہ کے حیدرآباد تک گرمی کا اثر نظر آ رہا ہے۔
راجستھان میں گرمی سب سے زیادہ اثرانداز ہو رہی ہے اور مارچ کے مہینے میں ہی ریکارڈ منہدم ہو گئے ہیں۔ ریاست کے کئی علاقوں میں لو کے تھپیڑے محسوس کئے جا رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے دنوں میں راجستھان میں گرمی مزید شدت اختیار کرے گی۔ آئندہ دو دنوں میں گرد آلود گرم ہوا چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی علاقے سے آنے والی گرم ہواؤں کی وجہ سے ریاست کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ بانسواڑہ اور باڈمیر میں گرمی سب سے زیادہ شدت اختیار کر رہی ہے، 17 مارچ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اوسط درجہ حرارت سے 8 ڈگری زیادہ ہے۔ باڈمیر کے علاوہ بھی کئی اضلاع ایسے ہیں جہاں مارچ کے مہینے میں ہی پارہ 40-42 کو پار کر گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان کے بیشتر علاقے لو کی زد میں ہیں۔ بانسواڑہ، چتوڑ گڑھ، ڈونگر پور، پرتاپ گڑھ، بیکانیر، جیسلمیر جیسے کئی علاقوں میں گرمی کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور مارچ میں لو چلنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔